اسلام آباد (پاک صحافت) وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ حکومت امریکی ایجنسیوں کی مدد سے کالعدم تنظیموں کی فہرست کو اپ ڈیٹ کرے گی اور ان تنظیموں سے منسلک افراد پر امریکا کی جانب سے سفری پابندیاں عائد کی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کے لئے کسی قسم کی پریشانی کی بات نہیں ہے کہ ان پر سفری پابندی عائد کی جائے گی یا پھر پاکستانی شہریوں کی امریکا میں داخلے پر پابندی ہوگی، ایسا کچھ نہیں ہوگا۔ البتہ جن تنظیموں کو کالعدم قرار دیا گیا ہے یا انہیں شیڈول فور میں رکھا گیا ہے، اس حوالے سے لسٹ اپ ڈیٹ ہوگی، ہماری امریکا کے ساتھ انٹیلی جنس شیئرنگ ہے اور اسی بنیاد پر ہم اپنی لسٹ کو اپ ڈیٹ کریں گے۔
عقیل ملک کا مزید کہنا تھا کہ کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے کسی شخص کے امریکا میں داخلے پر پابندی ہوسکتی ہے یا ان کے ویزا منسوخ ہوسکتے ہیں لیکن اس کے علاوہ پاکستانی شہریوں پر ایسی کوئی پابندی نہیں لگے گی جس سے پاکستانی شہری امریکا کا سفر نہ کرسکیں۔
خیال رہے کہ محکمہ داخلہ پنجاب نے 84 کالعدم تنظیموں کی فہرست جاری کرتے ہوئے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ ان غیر رجسٹرڈ اور کالعدم تنظیموں کو خیرات نہ دیں۔پنجاب حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کالعدم تنظیموں کو کسی بھی قسم کی معاونت فراہم کرنا انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت جرم ہے۔