اسلام آباد (پاک صحافت) قومی اسمبلی کے 33 حلقوں کے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کیلیے حکومتی اتحادیوں نے مشترکہ حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے استعفے منظور ہونے پر خالی نشستوں پر ضمنی انتخاب میں حکومتی اتحاد نے تحریک انصاف کیلئے میدان خالی نہ چھوڑنے پر غور شروع کردیا، پی ڈی ایم اور پیپلزپارٹی کے مل کر حصہ لینے کے معاملے پر غور کیلیے مشترکہ حکمت عملی کی تیاری کیلئے وزرا کی کمیٹی بنانے پر اتفاق بھی کرلیا۔
ذرائع کے مطابق مشترکہ امیدوار لانے کے حوالے سے نیشنل پارٹی اور بی این پی مینگل نے پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمن سے رابطہ کیا ہے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف سے ہفتہ کو لاہور میں پی ڈی ایم سربراہ کی ملاقات بھی متوقع ہے۔