ڈیرہ غازی خان (پاک صحافت) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے موجودہ حکومت کو چور حکومت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ووٹ چوری کرکے ملک پر ناجائز حکمران ہوں گے تو بغاوت ہوگی۔ فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ یری جنگ یہ ہے کہ اگر حکومت ہوگی تو آپ کے ووٹ کی بنیاد پر ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں اپوزیشن کے جلسے سے خطاب میں فضل الرحمان نے کہا کہ 25 جولائی پاکستان کی جمہوری تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا، دنیا کو موقف دیا کہ یہ حکومت دھاندلی کی پیداوار ہے، آج ہماری آواز گلی گلی، کوچے کوچے پہنچ چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پورا ایشیا معاشی لحاظ سے ترقی کر رہا ہے، پاکستان کے ساتھ کوئی کاروبار کرنے کو تیار نہیں۔
واضح رہے کہ جلسے سے خطاب میں فضل الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان تمہیں اس ایجنڈے تحت لایا گیا تھا کہ تم نے کشمیر کو بیچنا ہے، تم نے بیچ دیا، آج کشمیریوں کا خون ہورہا ہے، پاکستان کی طرف سے کوئی آواز نہیں اٹھ رہی۔ آج ہم نے کشمیریوں کو تنہا چھوڑدیا ہے، یہ عمران خان کو دیا گیا ایجنڈا تھا۔ اس ملک میں اب الیکشن ہوں گے وہ بھی عام انتخابات، یہ بلدیاتی الیکشن آپ کی تحریک کو روکنے کے لیے کرائے جارہے ہیں۔