اگر منہ پر ہاتھ پھیر کر کہوں تمہارا ہیٹر اتاروں گی تو عوام کی خدمت کیسے ہوگی؟ مریم نواز

بہاولپور (پاک صحافت) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ اگر منہ پر ہاتھ پھیر کر کہوں کہ تمہارا ہیٹر اتاروں گی تو عوام کی خدمت کیسے ہوگی؟ بہاولپور میں ہونہار اسکالرشپ پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ کوئی پاسبان کسی کے بہکاوے میں آکر ملک پر حملہ نہیں کر سکتا، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تضحیک نہیں کر سکتا، آپ کی ریڈ لائن پاکستان ہونی چاہیے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بیانیے وہ بناتے ہیں جنہوں نے کوئی کام نہ کیا ہو، کوئی ماں آپ کو یہ نہیں کہے گی کہ دلوں میں نفرت پالو۔ جب مظفر گڑھ کے بچے نے مجھے ماں کہا تو میرے لیے سب سے زیادہ جذباتی لمحہ تھا، دنیا کا ہر رشتہ ٹوٹ سکتا ہے، ماں اور بچے کا رشتہ کبھی نہیں ٹوٹ سکتا، سب تقاریر میں بچوں نے شکریہ کہا، جب آپ مجھے شکریہ کہتے ہیں تو مجھے تکلیف ہوتی ہے، میرے پاس جو کچھ بھی ہے وہ آپ کی امانت ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اسکالرشپ میں نے آپ کو نہیں دی، آپ نے اپنی محنت اور اہلیت سے حاصل کی، سر اٹھا کر یہ اسکالرشپ لیں، لوگوں کو بتائیں کہ محنت کی، ملک و صوبے کا سر فخر سے بلند کیا، اسکالرشپ لینے والی سب بیٹیوں اور بیٹوں کو مبارکباد پیش کرتی ہوں، پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکالرشپ پروگرام ہے، کوئی نہیں کہہ سکتا کہ میرٹ سے ہٹ کر اسکالرشپ دی گئیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے