پشاور (پاک صحافت) مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ استعماری طاقتیں پاکستان کو افغانستان کی طرح داخلی اختلافات میں دھکیل کر افغانستان بنانا چاہتے ہیں۔ جس کے لئے عمران خان سہولت کاری کررہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے اپنی غلط پالیسیوں کے ذریعے ملکی خودمختاری اور سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ عمران خان نے ملک کو غلط راستے پر ڈال دیا ہے۔ اگر جلد اس کا راستہ نہ روکا گیا اور حکومت کا خاتمہ نہ کیا گیا تو پاکستان بڑے حادثے کا شکار ہوسکتا ہے۔
مولانا فضل الرحمن کا مزید کہنا ہے کہ عمران خان نے غیرملکی آقاوں کے اشارے پر اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کے حوالہ کیا۔ کشمیری شہداء کے خون سے سودا کرکے بھارت کے ساتھ تجارت بڑھانے کی کوشش ہورہی ہے۔ انہوں نے اپیل کی ہے کہ تمام محب وطن سیاسی اور مذہبی تنظیموں و طاقتوں کو اپنے ذاتی و فروعی اختلافات کو پس پشت ڈال کر ملکی بقاء کی خاطر متحد ہوکر میدان میں نکلنے کی ضرورت ہے۔