بیت المقدس {پاک صحافت} فلسطینی صدر محمود عباس کے خصوصی مشیر نبیل شعث نے عالمی برادری اور فلسطینی اتھارٹی کے درمیان ہونے والے اتفاق کی خبر دیتے ہوئے کہا کہ دونوں کے درمیان اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ رواں سال ہونے والے پارلیمانی اور صدارتی انتخابات میں بیت المقدس کے باشندے اسرائیل کی پوسٹل سروس کے ذریعے اپنا ووٹ کاسٹ کر سکیں گے۔
اناطولیہ نیوز ایجنسی سے بات کرتے ہوئے نبیل شعث نے کہا کہ آنے والے انتخابات میں القدس کے باشندوں کے پولنگ میں حصہ لینے کے میکا نزم پر عالمی برادری کے ساتھ اتفاق ہوگیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بیت المقدس کے فلسطینی اسرائیلی ڈاک اور عالمی نگرانی میں اپنا ووٹ ڈالیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں عالمی برادری کی طرف سے آگاہ کیا گیا ہے کہ بیت المقدس کے فلسطینی باشندے اسرائیلی ڈاک کے ذریعے اپنا ووٹ ڈالیں گے۔
خیال رہے کہ غیر سرکاری اعدادو شمار کے مطابق بیت المقدس میں 3 لاکھ 40 ہزار فلسطینی آباد ہیں جب کہ فلسطینی الیکشن کمیشن کے مطابق بیت المقدس میں 75 ہزار 400 رجسٹرڈ ووٹر ہیں۔