صنعا {پاک صحافت} یمن کی تحریک انصار اللہ نے اعلان کیا ہے کہ دارالحکومت صنعا پر سعودی اتحاد کا ایک ڈرون مار گرایا گیا ہے جس کے نتیجے میں تین افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
نیشنل سالویشن گورنمنٹ کی وزارت صحت نے کہا کہ ڈرون گرنے سے چھ افراد شدید زخمی ہوئے جن میں سے تین بعد میں دم توڑ گئے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز نے ڈرون طیارے کی فوٹیج جاری کی، جس میں ڈرون کے ٹکڑے زمین پر بکھرے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ ڈرون کا ملبہ یمن مال کے قریب گرا۔
یمنی فوج کے ترجمان یحییٰ الساری نے کہا کہ ہمارا فضائی دفاعی نظام چینی ساختہ جاسوس ڈرون طیارے کو مار گرانے میں کامیاب رہا۔ یہ ڈرون سی ایج-4 قسم کا تھا جسے سعودی عرب کی فوج استعمال کر رہی تھی۔ ترجمان نے کہا کہ ڈرون کو زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل سے نشانہ بنایا گیا۔
سعودی اتحاد نے ابھی تک اس واقعے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب تین ماہ کی جنگ بندی جاری ہے۔ یمن نے بارہا الزام لگایا ہے کہ سعودی عرب جنگ بندی کا احترام نہیں کر رہا ہے۔