(پاک صحافت) طوفان الاقصی کی برسی کے موقع پر دنیا کے تمام حصوں میں جنگ روکنے کے لیے بین الاقوامی مہم چلائی گئی اور دنیا کے مختلف حکام نے اس پر تبصرے کیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق طوفان الاقصی آپریشن اور اس پٹی پر صیہونی حکومت کے بڑے پیمانے پر حملے کے آغاز کے ایک سال بعد غزہ کی پٹی کھنڈرات میں تبدیل ہوگئی ہے۔ بڑے پیمانے پر مکانات کی تباہی سے شہر کی گلیاں گندگی کی وادیوں کی مانند نظر آتی ہیں اور کئی جگہوں پر فضا نادیدہ لاشوں کی بدبو سے بھری ہوئی ہے۔
مقامی محکمہ صحت کے حکام کے مطابق صیہونی حکومت کے مجرمانہ حملے کے نتیجے میں غزہ کے 41 ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جن میں سے تقریباً نصف خواتین اور بچے ہیں۔ ایسوسی ایٹڈ پریس کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق، جنگ ختم ہونے کے بعد بھی، لاکھوں لوگ برسوں تک کیمپوں میں بے گھر رہ سکتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ تعمیر نو میں کئی دہائیاں لگ سکتی ہیں۔
ستمبر میں اقوام متحدہ کے ایک جائزے کے مطابق، سیٹلائٹ تصویروں کی بنیاد پر، جنگ نے غزہ میں تقریباً تین چوتھائی عمارتوں کو تباہ یا شدید نقصان پہنچایا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کم از کم 66 فیصد عمارتیں، بشمول 227,000 سے زیادہ رہائشی یونٹس کو نقصان پہنچا۔