(پاک صحافت) یمنی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی حکومت کے نئے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان اقدامات کو خطے اور دنیا کی سلامتی اور استحکام کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یمنی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں غزہ پر اسرائیل کے نئے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ ان جارحیتوں کے نتیجے میں سینکڑوں افراد شہید اور زخمی ہوئے ہیں جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ صیہونی حکومت کسی بین الاقوامی ذمہ داری کی پاسداری نہیں کرتی اور بین الاقوامی قوانین کو نظر انداز کرتی ہے۔ یمنی وزارت خارجہ نے یہ بھی کہا ہے کہ امریکہ نے ان جرائم کی رہنمائی اور حوصلہ افزائی میں کلیدی کردار ادا کیا اور اس کی حمایت سے قابض حکومت کو انتہائی وحشیانہ جرائم کے ارتکاب کی ہری جھنڈی دے دی۔
وزارت نے اسلامی اور عرب ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ ان جارحیت کے خلاف سخت موقف اختیار کریں۔ صنعا نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عالمی برادری بالخصوص سلامتی کونسل کے لیے وقت آگیا ہے کہ وہ قابض حکومت کو روکنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے اور اسے حملے روکنے پر مجبور کرے۔
یمنی وزارت خارجہ نے ایک بار پھر فلسطینی عوام کے لیے یمن کی مضبوط حمایت اور ہر ممکن ذرائع سے ان کی حمایت جاری رکھنے پر زور دیا۔