فلسطین نیشنل کونسل نے عالمی برادری اور عالمی پارلیمانی اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ فلسطینی پناہ گزینوں کی کفالت کی ذمہ دار ایجنسی ‘اونروا’ کو تاریخی مالی بحران سے بچانے کے لیے اس کی مدد کریں۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق فلسطین نیشنل کونسل کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی پناہ گزینوں کی وریلیف اینڈ ورکس ایجنسی ‘اونروا’ قیام کی 70 سالہ تاریخ میں بدترین مالی بحران سے گذررہی ہے۔
فلسطین نیشنل کونسل کے چیئرمین سلیم الزعنون نے کہا ہے کہ عالمی پارلیمانیں، امداد دینے والی ایجنسیاں، ڈونرممالک، مسلمان اور عرب ممالک ‘اونروا’ کی مالی مدد کے لیے اقدامات کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ اونروا کے مالی اور معاشی بحران نے لاکھوں فلسطینی مہاجرین کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ کیا ہے، بجٹ کی کمی کے نتیجے میں اونرا کے تعلیمی، طبی، ریلیف اور دیگر بنیاد منصوبے متاثر ہوئے ہیں، اس وقت شام، لبنان اور فلسطین میں موجود فلسطینی پناہ گزین غیرمسبوق مشکلات کا شکار ہیں۔
الزعنون کا مزید کہنا تھا کہ ‘اونروا’ کا مالی بحران اتنا شدید ہوگیا ہے کہ ایجنسی کو اپنے ملازمین کو تنخواہیں ادا کرنے کے لیے رقم نہیں مل رہی ہے، اس طرح ایجنسی سے وابستہ 30 ہزار ملازمین جن میں زیادہ تر فلسطینی پناہ گزین ہیں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہونے کا اندیشہ ہے۔