کابل (پاک صحافت) افغانستان میں پولیس چوکیوں پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے اور اب تازہ ترین حملوں میں جو صوبہ زابل اور اروزگان میں کیئے گئے ہیں 5 پولیس اہلکار ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے ہیں جبکہ طالبان کی جانب سے اب تک حملے سے متعلق کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
بین الاقوامی ابلاغ کے مطابق صوبہ زابل میں طالبان کی جانب سے پولیس چوکی پر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں 4 اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہوگیے جبکہ 2 اہلکار حملے میں شدید زخمی ہوئے ہیں جنہیں قریبی اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
زابل پولیس چیف نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان کی جانب سے ہائی وے پر قائم پولیس چوکی پر رات کے وقت حملہ کیا گیا اور پولیس کی جانب سے جوابی کارروائی بھی کی گئی۔
پولیس چیف کا کہنا تھا کہ جوابی کارروائی میں 2 طالبان ہلاک اور 3 زخمی ہوئے جبکہ طالبان کی جانب سے اب تک حملے سے متعلق کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
دوسری جانب صوبہ اروزگان میں ریمورٹ کنٹرول بم کے ذریعے پیٹرولنگ پر مامور پولیس کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک اور ایک اہکار زخمی ہوا ہے۔
واضح رہے صوبائی گورنر کے ترجمان نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حملے کی ذمہ داری اب تک کسی گروپ نے قبول نہیں کی۔