نئی دہلی {پاک صحافت} بھارت نے افغانستان کے صوبے بلخ کے دارالحکومت مزار شریف میں اپنا آخری قونصل خانہ بھی بند کر دیا ہے اور اپنے شہریوں کو نکال لیا ہے۔
روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق بھارت نے مشرقی افغانستان کے شہر میں موجود اپنے شہریوں کو نکالنے کے لیے فوجی جہاز بھیجے جہاں طالبان اور افغان فورسز کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت نے افغانستان کے شمالی علاقے کے سب سے بڑے شہر مزار شریف میں اپنا قونصل خانہ بند کر دیا ہے اور اپنے سفارت کاروں اور شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ خصوصی پروازوں کے ذریعے گھر پہنچیں۔
حکومتی عہدیداروں نے بتایا کہ بھارت نے افغانستان بھر میں کئی ترقیاتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کی تھی ، لیکن اب مختلف شہروں میں قونصل خانے بند ہیں اور صرف کابل میں سفارت خانہ کھلا ہے۔
بھارت نے گزشتہ ماہ کے اوائل میں افغانستان کے شہر قندھار سے اپنے قونصل خانے کے عملے کو عارضی طور پر واپس بلا لیا تھا جہاں غیر ملکی فوجیوں کے جانے کے بعد طالبان مکمل کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
بھارت کی وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے ایک بیان میں کہا کہ قندھار شہر کے قریب شدید لڑائی کی وجہ سے بھارتی ملازمین کو عارضی طور پر واپس لے لیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت افغانستان میں ہونے والی پیش رفت پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے جبکہ قندھار میں قونصل خانہ عارضی طور پر مقامی اہلکاروں کے زیر انتظام ہے۔