کیا عمران خان پر بنائی گئی فلم کپتان کو 2022 تک ریلیز کیا جائے گا؟ جانیئے اس رپورٹ میں

کیا عمران خان پر بنائی گئی فلم کپتان کو 2022 تک ریلیز کیا جائے گا؟ جانیئے اس رپورٹ میں

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور حالیہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی نجی زندگی پر فلم کپتان کو بنانے کا آغاز 5 سال قبل شروع ہوا تھا مگر تاحال فلم ریلیز نہیں ہوسکی۔

ایک وقت میں نہ صرف فلم کے اداکاروں کی پہلی جھلک سامنے آئی تھی بلکہ فلم کا ٹیزر بھی سامنے آیا تھا مگر پھر نہ تو اس فلم کا ٹریلر سامنے آیا اور نہ ہی اسے ریلیز کرنے کی تاریخ سامنے آئی۔

حال ہی میں اس میں مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکارہ سعیدہ امتیاز کی جانب سے طویل عرصے بعد فلم کی شوٹنگ کے دوران کھچوائی گئی تصویر شیئر کیے جانے کے بعد لوگ سوال کر رہے ہیں کہ فلم کو کب تک ریلیز کیا جائے گا؟

دلچسپ بات یہ ہے کہ 2015 میں ہی یہ خبر سامنے آئی تھی کہ فلم تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اور 2018 میں عام انتخابات کی وجہ سے مذکورہ فلم خبروں میں بھی رہی۔

عام انتخابات کے دوران تحریک انصاف کے بعض عہدیداروں نے کپتان پر اعتراض کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ فلم پی ٹی آئی کا امیج خراب کرنے کی ایک سازش ہے تاہم فلم کی ٹیم نے ایسے الزامات کو مسترد کردیا تھا۔

کچھ ہفتے قبل ہی اس فلم کے مرکزی اداکار عبدالمنان نے فیس بک پر ایک انٹرویو میں فلم کے حوالے سے کھل کر بات کی مگر انہوں نے اسے ریلیز کرنے کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا۔

عبدالمنان خان فلم میں وزیر اعظم عمران خان کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے جب کہ سعیدہ امتیاز فلم میں ان کی پہلی اہلیہ جمائما خان کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

فلم میں عمران خان اور جمائما خان کے کردار کے علاوہ دیگر کرکٹرز و سیاستدانوں کے کردار بھی ہوں گے اور ممکنہ طور پر اس میں پاکستان کی سابق اور پہلی خاتون وزیر اعظم بینظیر بھٹو کی یونیورسٹی کی زندگی کو بھی مختصرا دکھایا جائے گا۔

بینظیر بھٹو اور عمران خان برطانیہ کی یونیورسٹی میں پڑھے تھے اور فلم میں دونوں کی یونیورسٹی کی زندگی کو بھی دکھایا جائے گا۔

اگرچہ عبدالمنان خان اور سعیدہ امتیاز کپتان کی تصاویر کو شیئر کرتے رہتے ہیں، تاہم انہوں نے کبھی بھی فلم کو ریلیز کرنے کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ مذکورہ فلم کو 2022 تک ریلیز کیا جائے گا۔

یہ چہ مگوئیاں بھی ہیں کہ فلم کو اتنی تاخیر سے ریلیز کرنے کے پیچھے دراصل فلم کی کہانی میں کچھ تبدیلیاں کرنا ہے، تاہم اس حوالے سے فلم کی ٹیم نے کوئی وضاحت نہیں کی۔

اس فلم کے ڈائریکٹرز کو بھی متعدد بار تبدیل کیا گیا جب کہ اس کی ریلیز کو بھی کم از کم 2 بار منسوخ کیا گیا ہے، کیوں کہ ابتدائی طور پر کہا گیا تھا کہ فلم کو 2018 کے عام انتخابات کے دوران ریلیز کیا جائے گا، تاہم ایسا نہیں ہوا۔

بعد ازاں خبریں سامنے آئی تھیں کہ فلم کو عمران خان کے وزیر اعظم بننے کے فوری بعد ریلیز کیا جائے گا تاہم ایسا بھی نہیں ہوا اور اب خبریں ہیں کہ فلم کی کہانی میں کچھ تبدیلیاں کرکے اسے 2022 تک ریلیز کردیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں

ماہرہ خان

ماہرہ خان دوسری شادی کے بارے میں بات کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں

(پاک صحافت) پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماہرہ خان انٹرویو کے دوران اپنی دوسری …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے