(پاک صحافت) پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ یمنیٰ زیدی نے کچھ عرصے پہلے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اپنی ڈانس ویڈیو پر ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال کے اختتام پر یمنیٰ زیدی کی ایک ڈانس ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں اُنہیں ایک شادی کی تقریب میں سرخ رنگ کا روایتی مشرقی لباس پہنےدیسی انداز میں ڈانس کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اس وائرل ویڈیو کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بہت پسند کیا گیا تھا اور اداکارہ کے ڈانس کی بھی خوب تعریفیں کی گئی تھیں۔ یمنیٰ زیدی نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنی اس وائرل ڈانس ویڈیو کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار بھی کیا۔ اُنہوں نے خود ہی ہنستے ہوئے اپنی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ’مجھے تو لگتا ہے کہ میں اداکاری کرنے کے ساتھ ساتھ ڈانس بھی کر سکتی ہوں لیکن دوسروں کو ایسا نہیں لگتا تو الگ بات ہے‘۔ اُنہوں نے کہا کہ’مجھے لگتا ہے کہ میں اچھا ڈانس کرتی ہوں اور مجھے ڈانس کرنا بہت پسند ہے‘۔
واضح رہے کہ عمیر نثار علی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’نایاب – نام یاد رکھنا‘ سے یمنیٰ زیدی پہلی بار بڑے پردے پر جلوہ گر ہونے والی ہیں، اداکارہ فلم میں کرکٹر کا کردار نبھا رہی ہیں۔ یہ فلم رومینہ عمیر اور عمیر عرفانی کی پیشکش ہے جبکہ فلم کا اسکرین پلے علی عباس نقوی اور باسط نقوی نے لکھا ہے۔ فلم کی کاسٹ میں اداکار جاوید شیخ، عدنان صدیقی، محمد فواد خان، عثمان خان، احتشام الدین، فریال محمود، امِ ہانی طہٰ سمیت دیگر شامل ہیں۔ فلم ’نایاب – نام یاد رکھنا‘ رواں ماہ 26 جنوری کو سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔