لوگ بالی ووڈ کے خانز کو اب ہیرو نہیں مانتے، جاوید شیخ

لیجنڈ اداکار

(پاک صحافت) ادکار جاوید شیخ نے بالی ووڈ کے خانز کے زوال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوگ اب ان کو ہیرو نہیں مانتے۔ پاکستانی شوبز انڈسٹری کے ممتاز اداکار، ہدایتکار اور پروڈیوسر جاوید شیخ، جنہیں نا صرف پاکستان بلکہ بھارت میں بھی خوب پزیرائی ملی، حالیہ دنوں ڈرامہ سیریل اقتدار اور کبھی میں کبھی تم میں اپنی بہترین اداکاری کے باعث ایک بار پھر شہ سرخیوں میں ہیں۔

انہوں نے حال ہی میں ایک شو میں ٹیلی فونک گفتگو کے ذریعے شرکت کی، جہاں انہوں نے بالی ووڈ کے تینوں خانز شاہ رخ، سلمان، عامر خان کے زوال کے بارے میں کھل کر بات کی ہے۔ میزبان نے سوال کیا کہ لوگ اب خانز کو ہیرو ماننے کو تیار نہیں، تو کیا اب انہیں کردار ادا کرنے چاہئیں؟ جس پر جاوید شیخ نے دو ٹوک انداز میں جواب دیا کہ یہ ان کے لیے بہت مشکل ہو گا کہ وہ کردار ادا کریں، وہ ایسا کریں گے نہیں اور لوگ بھی انہیں والد یا دادا کے کرداروں میں آسانی سے قبول نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ میرے لیے تو یہ مشکل نہیں، میں خود کردار ادا کر رہا ہوں، لیکن خانز کے لیے یہ مرحلہ نفسیاتی طور پر بھی مشکل ہو گا۔ جاوید شیخ نے موجودہ دور کے بدلتے ہوئے رجحانات پر بھی روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا ہے کہ نیٹ فلکس جیسے پلیٹ فارمز نے بالی ووڈ کو بہت نقصان پہنچایا ہے، ناظرین کے پاس اب عالمی مواد تک رسائی ہے اور روایتی فارمولا فلموں کی مقبولیت میں واضح کمی آئی ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ میں پچھلے 3 سال سے ان خانز سے نہیں ملا، اگر ملاقات ہوتی تو ضرور مشورہ دیتا کہ وقت کے ساتھ خود کو بدلنا پڑتا ہے۔

جاوید شیخ کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی ہے۔ کچھ صارفین نے کہا ہے کہ جاوید شیخ نے بالکل سچ کہا ہے، ہر دور کا ہیرو ایک وقت کے بعد استاد یا بزرگ بن جاتا ہے۔ کچھ افراد نے خانز کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ خانز اب بھی کرشماتی ہیں، مسئلہ فلموں کی کہانیوں میں ہے، عمر میں نہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے