عاطف اسلم کی دل موہ لینے والی نعت، رمضان کا خاص تحفہ

(پاک صحافت) عاطف اسلم کی دل موہ لینے والی نعت یا نبی سلام علیک رمضان کے لیے خاص تحفہ ہے۔ پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم نے ایک بار پھر اپنی سحر انگیز آواز میں ایک روح پرور نعت ’یا نبی سلام علیک‘ پیش کی ہے، جس نے مداحوں کے دل جیت لیے ہیں۔

رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں یہ نعت ایک روحانی تحفہ ثابت ہو رہی ہے اور سوشل میڈیا پر اسے بے حد پذیرائی مل رہی ہے۔ عاطف اسلم اپنی منفرد آواز کی وجہ سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقبول ہیں، وہ ناصرف میوزک انڈسٹری کے ایک بڑے نام ہیں بلکہ نعتیہ کلام اور حمد پیش کرنے میں بھی ان کا خاص مقام ہے۔

ان کے نعتیہ کلام تاجدارِ حرم اور وہی خدا ہے نے دنیا بھر میں لاکھوں دلوں کو چھو لیا تھا۔ عاطف اسلم خود بھی اپنے نعتیہ کلام کو اپنی زندگی کا سب سے اہم اور قیمتی حصہ سمجھتے ہیں، انہوں نے کئی بار انٹرویوز میں کہا ہے کہ انہیں نعتیہ کلام پڑھنے میں خاص روحانی سکون محسوس ہوتا ہے۔

عاطف اسلم نے اس بار نعت یا نبی سلام علیک کو دو اور باصلاحیت فنکاروں کے ساتھ مل کر پیش کیا ہے۔ یہ نعت قدرتی اور پرسکون ماحول میں ریکارڈ کی گئی ہے، جہاں ہرے بھرے درخت، بہتے پانی اور کھلی فضا ہے۔  ان حسین مناظر کے ساتھ جب عاطف اسلم اور ان کے ساتھی نبیٔ پاک ﷺ کی شان میں عقیدت کا اظہار کرتے ہیں، تو ایک منفرد روحانی کیفیت پیدا ہوتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے