(پاک صحافت) پاکستان ڈرامہ و فلم انڈسٹری کے اداکار شہروز سبزواری اور اداکارہ و ماڈل سعیدہ امتیاز کی فلم ’قلفی‘ کی ریلیز جَلد متوقع ہے۔ شہروز سبزواری نامور سینئر اداکار بہروز سبزواری کے بیٹے اور پاکستانی ٹیلی ویژن اور فلم کے ایک باصلاحیت اداکار ہیں۔ ان کے قابلِ ذکر ڈراموں میں دیوارِ شب، نند، حسد، تیری رضا، مانا کا گھرانہ، دیوانہ، دل رُبہ اور تیری راہ میں شامل ہیں۔
اداکار فی الحال ڈراموں سے دور ہیں جس کی وجہ ان کی خوبصورت ماڈل اور اداکارہ سعیدہ امتیاز کے ساتھ آنے والی فیچر فلم ’قلفی‘ ہے۔ اداکارہ سعیدہ امتیاز بھی اپنی موت کی افواہوں کے پھیلنے اور بعد ازاں اس کی تردید کے بعد سے سوشل میڈیا پر کافی فین فالوونگ رکھتی ہیں۔ شہروز اور سعیدہ فلم ’قلفی‘ میں مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر فلم کا ایک ساؤنڈ ٹریک وائرل ہے جسے راحت فتح علی خان نے گایا ہے اور ولی حامد خان نے اس کی ہدایت دی ہے۔
اس جوڑی کی فلم اپنی ریلیز سے قبل ہی سخت تنقید کی زد میں نظر آ رہی ہے جس کی بڑی وجہ اس میں فلمائے گئے چند مناظر ہیں۔ تاحال فلم کے صرف ٹیزر ہی سامنے آئے ہیں جن پر نیٹیزنز کی جانب سے تنقید کی جا رہی ہے۔ صارفین کے انسٹاگرام پوسٹ پر آنے والے تبصروں کے مطابق شہروز اور سعیدہ امتیاز فلم کے لیے بالکل موزوں نہیں ہیں۔ واضح رہے کہ فلم کی ریلیز سے متعلق معلومات تاحال شیئر نہیں کی گئی ہیں مگر صارفین ٹیزرز میں شہروز کے مختلف پوزز پر نالاں ناظر آ رہے ہیں۔