ممبئی (پاک صحافت) بھارتی فلم انڈسٹری بالی وڈ کی معروف جوڑیوں میں ایک جوڑی اداکارہ کاجول اور اداکار اجے دیوگن کی بھی ہے، خیال رہے کہ 1999 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والی بالی وڈ کی یہ جوڑی گزشتہ 22 سال سے خوشگوار ازدواجی زندگی گزاررہی ہے ، اداکار جوڑی کا ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کچھ عرصہ قبل کاجول نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کے دوران انکشاف کیا کہ اجے اور ان کا ایک سین ساتھ شوٹ کیاجانا تھا اور سین یہ تھا کہ مجھے اجے کو تھپڑ مارنا تھا اور اجے نے میرا ہاتھ پکڑ لینا تھا تاکہ میں ایسا نہ کرسکوں۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران کاجول نے بتایا کہ مجھے وہ لمحہ آج بھی یاد ہے جب میں اجے کو دیکھ کر یہ سوچ رہی تھی کہ اوہ میرے خدا، یہ وہ شخص ہے جو میری زندگی میں ایک چمک بن کر آیا اور میں اتنا جانتی ہوں کہ یہ شخص میری زندگی میں اہم کردار ادا کرنے والا ہے۔
واضح رہے کہ اداکارہ نے مزید بتایا کہ اگلے دو سال تک ان کے درمیان کوئی تعلقات قائم نہیں ہوئے تھے کیونکہ وہ دوسرے لوگوں کے ساتھ تعلقات میں تھے حتیٰ کہ کاجول اجے سے اپنے بوائے فرینڈ سے متعلق بھی گفتگو کیا کرتی تھی۔ کاجول نے کہا کہ مجھے یاد ہے کہ مجھے اپنے بوائے فرینڈ سےکوئی شکایت تھی اور جب میں نے اجے سے اس بارے میں گفتگو کی تو وہ مجھے بابا جی اور گروجی کی طرح مشورہ دے رہے تھے کہ مجھے اس صورتحال کو کیسے ہینڈل کرنا چاہیے۔