لاس اینجلس (پاک صحافت) سابق ریسلر او ہالی وڈ کے مقبول ترین اداکار ڈوین جانسن ‘دی راک’ نے 2 کروڑ 70 لاکھ سے زائد کی مالیت کا گھر خرید لیا، ذرائع کے مطابق یہ عالیشان گھر 18 ہزار اسکوائر فٹ پر مشتمل ہے۔ خیال رہے کہ یہ محل نما گھر زیتون کے درختوں سے گھرا ہوا ہے جو کہ اندر سے جتنا شاندار ہے باہر سے بھی اتنا ہی خوبصورت نظر آتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دی راک نے یہ عالیشان حویلی مزاحیہ اداکار پال ریسر سے خریدی ہے جو کہ لاس اینجلس کے انتہائی مہنگے علاقے بیورلے پارک میں واقع ہے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق رپورٹ کے مطابق اس عالیشان رہائش گاہ کو 1993 میں تعمیر کیا گیا تھا جس میں ایک انتہائی خوبصورت مہمان خانہ بھی شامل ہے، مہمان خان ڈھائی ہزار اسکوئر فٹ پر مشتمل ہے۔
واضح ہے کہ گھر میں میوزک اسٹوڈیو سمیت شاندار جم اور سوئمنگ پول بھی موجود ہے جب کہ لکڑی کا خوب صورت کام بھی کیا گیا ہے۔ صرف یہی نہیں د ی راک کے اہلخانہ کو گھر میں ہی ایک فل ٹینس کورٹ، بیس بال ڈائمنڈ اور سنیما کی سہولت میسر ہوگی۔