(پاک صحافت) بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان نے بشنوئی گروپ کی دھمکیوں کے باوجود بگ باس کے بعد اب فلم کی عکسبندی بھی شروع کردی۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان نے اپنی فلم سکندر کی شوٹنگ کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے، فلم آئندہ برس نمائش کےلیے پیش کی جائے گی۔
واضح رہے کہ لارنس بشنوئی گروپ کی جانب سے پہلے سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ اور پھر ان کے دوست بابا صدیق کے قتل کے بعد سپر اسٹار نے اپنی فلموں کی شوٹنگ روک دی تھی جس کی بڑی وجہ سیکیورٹی بتائی جارہی تھی۔
بابا صدیق کے قتل کے بعد لارنس بشنوئی گروپ نے دھمکی دی تھی کہ جو بھی سلمان خان کی مدد کرے گا وہ انکے نشانے پر ہوگا۔ بعدازاں ریاست مہاراشٹر کی حکومت نے سلمان خان کی سیکیورٹی میں اضافہ کردیا تھا جبکہ اس دوران سلمان خان بھی فلمی سیٹ سے دور رہے۔
تاہم اب اطلاعات ہیں کہ فینز کو جس فلم کا بےصبری سے انتظار ہے سلمان خان نے اس کی شوٹنگ کا آغاز کردیا ہے۔ بھارتی میڈیا نے پروڈکشن کمپنی کے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سلمان خان نے فلم سکندر کی شوٹنگ کا شیڈول کے مطابق آغاز کردیا ہے جبکہ وہ سخت سیکیورٹی میں بگ باس کی شوٹنگ کا بھی آغاز کرچکے ہیں۔
خیال رہے کہ 1998 کی فلم ہم ساتھ ساتھ ہیں کی ریاست راجستھان میں شوٹنگ کے دوران سلمان خان نے مبینہ طور پر کالے ہرن کا شکار کیا تھا۔ بشنوئی برادری کالے ہرن کو مقدس جانور مانتی ہے، لہٰذا اس واقعے کے بعد سے بشنوئی برادری میں شدید غم و غصہ ہے۔ یاد رہے کہ سلمان خان کو 2018 میں اس کیس میں سزا سنائی گئی تھی۔