(پاک صحافت) رجب بٹ نے اپنی پاکستان واپسی کی منصوبہ بندی سے متعلق نیا انکشاف کر دیا۔ پاکستان کے مقبول ترین یوٹیوبرز میں سے ایک رجب بٹ جن کے فیملی وی لاگز اور متنازع بیانات ہمیشہ خبروں میں رہتے ہیں، انہوں نے حالیہ پوڈکاسٹ میں اپنی پاکستان واپسی کے ارادے اور موجودہ صورتِ حال پر بات کی ہے۔ رجب بٹ اس وقت پاکستان میں جاری ایک قانونی مقدمے کے باعث ملک سے باہر ہیں، انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ میں دبئی سے قطر جا رہا ہوں اور وہاں سے لندن کا رخ کروں گا، اہلِ خانہ اور دوستوں کو بھی لندن بلانے کا ارادہ ہے۔
ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے رجب بٹ نے کہا کہ فی الحال مجھ پر کچھ مقدمات چل رہے ہیں اور پسِ پردہ کچھ معاملات طے کیے جا رہے ہیں، جیسے ہی مجھے ہائی کمانڈ سے کلیئرنس ملے گی، میں فوراً پاکستان واپس آ جاؤں گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر مجھے اجازت دی جائے کہ اپنا چینل اور پیسہ پاکستان لا سکوں، تو خوشی خوشی وطن واپس آؤں گا۔ رجب بٹ نے ایک بار پھر اپنے سابقہ بیانات پر معذرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میری نیت کبھی کسی کی دل آزاری کی نہیں تھی، اگر میرے کسی بیان سے کسی کو دکھ پہنچا ہو تو میں دل سے معذرت خواہ ہوں۔
انہوں نے اپنی ذہنی حالت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میں دباؤ کا شکار ہوں، مگر ملک واپس آنے کی خواہش اب بھی زندہ ہے۔ یاد رہے کہ رجب بٹ کو اُس وقت شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا جب انہوں نے ایک پرفیوم 295 کے نام سے متعارف کروایا، جس کے بعد انہوں نے کچھ غیر ذمے دارانہ بیانات دیے، ان بیانات کے بعد ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع ہوئی اور انہیں پاکستان چھوڑنا پڑا۔