کراچی (پاک صحافت) پاکستانی فلم و ٹی وی انڈسٹری کے مقبول ترین اداکار حمزہ علی عباسی کا کہنا ہے کہ وہ جس پروجیکٹ کے اختتام میں مر جاتے ہیں وہ ہٹ ہوجاتا ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز ایک تقریب کے دوران اداکار حمزہ علی عباسی نے ایک صحافی سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے نئے ڈرامہ سیریل ’جانِ جہاں‘ کے حوالے سے اہم انکشاف کیا۔
تٖفصیلات کے مطابق اداکار نے اپنے آنے والے ڈرامے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بقیہ ڈراموں کی طرح ’جانِ جہاں‘ کی کہانی بھی بہترین ہے۔ انہوں نے ڈرامہ و فلم پروڈیوسر ثناء شاہنواز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں ثناء شاہنواز کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے میرے تحفظات کا خیال رکھا۔
واضح رہے کہ اداکار نے ’کیا آپ ڈرامہ پیارے افضل کی طرح اس ڈرامے میں بھی مر جائیگے؟‘ کے سوال کے جواب میں کہا کہ ’دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے، یہ تو وقت ہی بتائے گا، لیکن تاریخ گواہ ہے کہ میں جس بھی ڈرامے یا فلم کے اختتام میں مرا ہوں، وہ ڈرامہ یا فلم سپر ہٹ ہوئی، لہٰذا دیکھتے ہیں اس میں کیا ہوگا‘۔