لاہور (پاک صحافت) معروف بھارتی مصنف، منظر نگار اور شاعر جاوید اختر کا کہنا ہے کہ بھارت میں آج بھی لوگ فیض احمد فیض اور اردو دونوں سے محبت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ احمد فیض کی شاعری میں ایک جادو ہے اور یہ جادو جہاں بھی جائے گا اپنا اثر دکھائے گا۔
تفصیلات کے مطابق جاوید اختر لاہور میں جاری فیض فیسٹیول کے ساتویں ایڈیشن میں شرکت کرنے کے لیے پاکستان آئے ہوئے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں جہاں بھی اردو اور ہندی جاننے اور سمجھنے والے لوگ موجود ہیں وہاں فیض کی شاعری سے لوگوں کو محبت ہے۔ بھارت میں لوگوں نے آج تک نہ اردو کو چھوڑا ہے اور نہ ہی فیض کو، وہاں فیض احمد فیض سے محبت آج بھی برقرار ہے۔
جاوید اختر کا کہنا ہے کہ بھارت میں جتنی ہندی زبان میں شاعری مقبول ہے اتنی ہی اردو زبان میں بھی مقبول ہے اور کمال یہ ہے کہ اگر بھارت میں لوگوں کو اردو شاعری کے کچھ لفظ نہ بھی سمجھ آئیں تو بھی ان میں نغمگی اتنی ہے کہ وہ لوگوں کو اچھے لگتے ہیں اور لوگ ان کے ہندی میں معنی تلاش کرنے لگتے ہیں۔