(پاک صحافت) پاکستانی معروف اداکار و گلوکار فیروز خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے ایک بار کاسمیٹک سرجری کروائی تھی جو کہ غلط ہو گئی تھی۔ اداکار فیروز خان نے معروف میزبان، تابش ہاشمی کے یوٹیوب چینل کے شو میں شرکت کی۔ اس دوران اداکار نے متعدد دلچسپ سوالات کے جواب دیے۔ تابش ہاشمی کے کاسمیٹک سرجری سے متعلق پوچھے گئے سوال پر اداکار فیروز خان نے دلچسپ کہانی سنائی۔
فیروز خان نے بتایا کہ ایک سین کی عکس بندی کے لیے مجھے پول میں نہاتے ہوئے دکھایا جانا تھا، ڈائریکٹر نے کہا کہ مجھے اس سین کے لیے سفید شلوار قمیص پہننی پڑے گی۔ فیروز خان نے کہا کہ سین تو صحیح ہو گیا مگر معلوم ہوا کہ اس سین کے لیے میری جسامت ٹھیک نہیں ہے، میں اس سین کو دوبارہ عکس بند کروانے کے لیے خوب محنت کی اور باڈی بنائی، جب ورزش کر کے باڈی بنا لی تو میرا چہرہ کافی پتلا دبلا ہو گیا تھا۔ اداکار نے بتایا کہ چہرے کو بھرا دکھانے کے لیے میں نے ایک ڈاکٹر کی مرضی کے بغیر گالوں میں فلر لگوالیے۔
فیروز خان نے کہا کہ جب فلرز لگوا لیے تو ہنسنے اور تصویر بنوانے پر میری گالیں الگ ہی پھولی ہوئی نظر آنے لگیں اور مجھے اس سرجری نے پریشان کر دیا تھا۔ فیروز خان کا کہنا ہے کہ میں یہ سوچنے پر مجبور ہو گیا تھا کہ یہ میں نہیں ہوں، میں آخر کار اب ان فلرز سے چھٹکارہ کیسے حاصل کروں۔ یاد رہے کہ فیروز خان کا یہ انٹرویو آج سے دو سال پرانا ہے جو کہ سوشل میڈیا پر ایک بار پھر سے وائرل ہو رہا ہے۔