آج کے فنکار غیر سنجیدہ اور غیر پیشہ ورانہ ہیں، توقیر ناصر

(پاک صحافت) پاکستان کے معروف سینئر اداکار توقیر ناصر نے ٹی وی انڈسٹری میں پیشہ ورانہ مہارت کے زوال پر کھل کر بات کی ہے اور نئے اداکاروں سے شکوہ کر کے ان کو مشورہ بھی دے دیا ہے۔ حال ہی میں ایک شو میں بطور مہمان شرکت کرتے ہوئے توقیر ناصر نے پی ٹی وی کے سنہری دور اور آج کی ٹی وی انڈسٹری کے زوال پر روشنی ڈالی۔ توقیر ناصر  نے کہا کہ ہمیں اشفاق احمد جیسے بڑے لوگ ملے جو ہمیں بیٹھ کر سمجھاتے اور درست کرتے تھے، یاور حیات، محمد نثار حسین جیسے ہدایت کار ہمارے ریہرسل سیشنز پر نظر رکھتے تھے، جو بہت سخت ہوتے تھے، ہمیں دورانِ ریہرسل بات کرنے کی بھی اجازت نہیں ہوتی تھی، لیکن آج کل تو ریہرسل نام کی کوئی چیز ہی نہیں رہی۔

لیجنڈری اداکار نے موجودہ دور کے اداکاروں کے غیر سنجیدہ رویے پر بھی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کی لڑکیاں 2، 2 گھنٹے میک اپ کرنے میں گزار دیتی ہیں، میں اکثر ان سے کہتا ہوں کہ اتنا ٹائم آپ میک اپ پر دیتی ہیں، اگر اسکرپٹ پر توجہ دیں تو کام خود بخود نکھر جائے۔ انہوں نے کہا اب تو معاون ہدایت کار (Associate Director) شاٹ سے چند لمحے پہلے اداکاروں کو اسکرپٹ پکڑا دیتے ہیں اور بہت سی لڑکیاں شاٹ کے دوران بھی فون پر دوستوں سے بات کر رہی ہوتی ہیں کہ اوکے، میں ابھی سین میں ہوں، بعد میں بات کرتی ہوں۔

ان کا کہنا ہے کہ آج کل سیٹ پر سب چیزوں کا خیال رکھا جاتا ہے، سوائے کام اور اداکاری کے، مجموعی طور پر پورا سسٹم کرپٹ ہو چکا ہے۔ سوشل میڈیا پر سینئر فنکاروں اور ڈرامہ شائقین نے توقیر ناصر کی بات سے اتفاق کیا ہے کہ آج کی انڈسٹری میں پروفیشنلزم اور فنکارانہ لگن کم ہو چکی ہے۔ تاہم کچھ صارفین نے یہ مؤقف اختیار کیا ہے کہ نئے اداکاروں کو جدید ٹیکنالوجی اور بدلتے وقت کے ساتھ کام کرنا پڑتا ہے، اس لیے ماضی کے اصول آج کے دور میں لاگو نہیں ہو سکتے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے