اسلام آباد (پاک صحافت) فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس (ایف سی ڈ ی او) کی سربراہ جوموئیر نے کہا ہے کہ برطانیہ نے 25-2024 سے پاکستان کی مالی امداد سالانہ بنیادوں پر تین گنا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس (ایف سی ڈ ی او) کی سربراہ جوموئیر ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ پاکستان کی موجودہ امداد 41.5 ملین پاؤنڈز سے بڑھا کر تقریباً 133 ملین پاؤنڈز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایف سی ڈی او کی سربراہ کا کہنا ہے کہ عارضی طور پر بڑھی ہوئی امداد کابڑا حصہ مختلف شعبوں میں استعمال کیا جائے گا، آفیشل ڈیولپمنٹ اسسٹنس زیادہ تر پاکستان کی موسمیاتی تخفیف کی ضروریات پر خرچ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ جوموئیر نے مزید کہا ہے کہ خوشی ہے کہ پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ پروگرام کے تحت ایک نئی ڈیل پر اتفاق کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام سے پاکستان کو پروگرام کی مدت کے دوران قرضوں کی پائیداری حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔