اسلام آباد (پاک صحافت) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی اور پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما نے عمران خان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی بوکھلاہٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ بری طرح بے نقاب ہوچکے ہیں۔ شیری رحمان نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ چوری نہیں کی تو کیوں ڈر رہے ہیں؟
تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنماء سینیٹر شیری رحمان نے جاری بیان میں کہا ہے کہ توشہ خانہ سے متعلق چلنے والی خبروں پر کیوں بھڑک اٹھے ہیں؟ اگر چوری نہیں کی تو خبروں پر کیوں اعتراض ہے؟ انہوں نے کہا کہ خبر دینا میڈیا کی ذمہ داری ہے۔ آپ چاہتے ہیں آپ کی کرپشن اور چوری پر کوئی بات نہ کرے؟
واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما نے مزید کہا کہ ہ توشہ خانہ الزام نہیں یہ ایک ثابت شدہ کیس ہے۔ آپ اسی کیس میں قومی اسمبلی کی رکنیت سے نااہل ہوئے۔ آپ کو الیکشن کمیشن نے کرپٹ پریکٹس کے مرتکب ہونے پر سزا دی۔