اسلام آباد (پاک صحافت) وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان مذہبی اور ثقافتی وابستگیوں پر مبنی برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستان ہمیشہ اپنے پڑوسی ملک کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک کو موجودہ تجارتی حجم بڑھانے کی ضرورت ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سے پاکستان میں ایرانی سفیر سید محمد علی حسینی کی ملاقات ہوئی جس میں مفتاح اسماعیل نے فنانس ڈیوژن پہنچنے پر ایرانی وزیر خزانہ کا خیر مقدم کیا۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی تعلقات کو مضبوط کرنے پر اتفاق ہوا۔
واضح رہے کہ اس موقع پر مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پاکستان تجارتی حجم کو بڑھانے کے لیے رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے پرعزم ہے، ایرانی سفیر سید محمد علی حسینی نے موجودہ حکومت کی اقتصادی پالیسیوں کو سراہا، ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان توانائی، تجارت اور دیگر شعبوں میں وسیع تعاون کے مواقع موجود ہیں۔