لاہور (پاک صحافت) سراج الحق کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی نااہل و نالائق حکومت نے تبدیلی کے نام پر نوجوان نسل کو گمراہ کیا، عمران خان ملک کا سب سے بڑا جھوٹا وزیراعظم ثابت ہوا۔
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ غربت، مہنگائی، بے روزگاری اور کرپشن ختم کرنے کے لیے سود سے نجات ناگزیر ہے۔ دنیا بھر میں سرمایہ دارانہ نظام کی پیدا کردہ سوچ انسانیت کے استحصال کا باعث ہے۔ سود اور پاکستان اکٹھے نہیں چل سکتے، صرف اللہ کا نظام انسانیت کے دکھوں کا مداوا کر سکتا۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا مزید کہنا ہے کہ جماعت اسلامی کی دعوت ظلم سے نجات دلا کر اسلام کے عدل و انصاف کو قائم کرنے کی ہے۔ سود کا نظام رائج رکھنے والوں کو اللہ اور عوام کی عدالت میں جواب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے پاس ملک کو درست ٹریک پر لانے کی صلاحیت اور ٹیم موجود ہے۔