لاہور (پاک صحافت) وزیراعلی پنجاب کا کہنا ہے کہ وطن عزیز کی بقا کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ہر شہید کی ماں کو میں سلام پیش کرتا ہوں، ماں کا قرض کوئی نہیں چکا سکتا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز نے ماں کے عالمی دن کے موقع پر ایک پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہرماں عظیم ہے، تمام ماؤں کو سلام پیش کرتا ہوں، ہر ماں کی صحت اور سلامتی کیلئے دعاگو ہوں، ماں کا وجود سراپا محبت ہے۔ ماں اللہ تعالیٰ کی انمول نعمت ہے، ماں جیسی عظیم ہستی سے اظہار محبت کے لئے ایک دن مخصوص نہیں کیا جاسکتا۔
وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز کا مزید کہنا ہے کہ یہ ناچیز اپنی ماں کی دعاؤں سے ہی وزارت اعلیٰ کے منصب پر ہے، ساڑھے تین سال کے بعد قطر میں والدہ محترمہ سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ وقت گزارا، میں وطن عزیز کے لئے جان کی قربانی پیش کرنے والے ہر شہید کی ماں کو بھی سلام پیش کرتا ہوں۔