لاہور (پاک صحافت) پی ٹی آئی حکومت کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کے لئے ن لیگ کی جانب سے بھرپور تیاریاں شروع کردی گئی ہیں جبکہ اس حوالے سے حکمت عملی بھی ترتیب دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن نے عوامی سطح پر حکومت مخالف احتجاجی مظاہروں کی ذمہ داری مریم نواز کو جبکہ پارلیمانی سطح پر حکومت مخالف اقدامات کی ذمہ داری شہباز شریف کو سونپ دی ہے۔ دونوں رہنما بیک وقت حکومت کے خلاف برسرپیکار رہیں گے۔
ذرائع کے مطابق حکومت کے خلاف سیاسی ماحول کو گرمانے کے لیے مریم نواز شہباز شریف کے ہمراہ میدان میں ہوں گی۔ عوامی سطح پر سیاسی ماحول کو گرمانے اور جارحانہ سیاست کا کردار مریم نواز ادا کریں گی۔ ملک بھر میں عوامی سطح پر احتجاجی جلسے یا لانگ مارچ ہوں گے جن سے مریم نواز خطاب کریں گی۔ ان ہاؤس تبدیلی یا پارلیمانی اور انتخابی سیاست کا کردار پارٹی کے صدر شہباز شریف کے سپرد ہوگا۔