اسلام آباد (پاک صحافت) لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ دنیا بھر کی مختلف اقوام کو استکبار کے خلاف مزاحمت کو ایران سے سیکھنی چاہئے۔ ایران نے بھرپور طریقے سے استکبار کو شکست دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کے نائب صدر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ انقلاب اسلامی کی کامیابی کے بعد پیش آنے والے واقعات بالخصوص امریکی جاسوسی پر ایرانی قوم کا رد عمل ایک جرات مندانہ عمل تھا اور اس نے ثابت کیا کہ عوام کا مضبوط ارادہ ہمیشہ طاقتوں پر غالب آتا ہے اور یہی طریقہ ایرانی قوم نے دوسری قوموں کو سکھایا ہے۔
لیاقت بلوچ کا مزید کہنا تھا کہ آج ہم اسلامی انقلاب کے ثمرات خطے میں بالخصوص اپنے پڑوس افغانستان میں دیکھ رہے ہیں۔ قابضین اور جابروں کے خلاف عوام کی مزاحمت عالمی استکبار کے خلاف ایرانی عوام کی جدوجہد کے اثرات کی واضح مثال ہے۔