کراچی (پاک صحافت) پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ منشا پاشا نے لکس اسٹائل ایوارڈز کی تقریب میں اداکاراؤں کے لباس پر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی تنقید کا کرارا جواب دے دیا۔ اداکارہ نے تنقید کرنے والے افراد کو ان کی سطحی سوچ قرار دے دیا۔ یاد رہے کہ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اداکارہ منشا پاشا، عائشہ عمر اور میرا سیٹھی کے لباس پر تنقید کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق 9 اکتوبر کو لکس اسٹائل ایوارڈز کی تقریب منعقد ہوئی تھی جس میں مختلف شوبز شخصیات کو متعدد اعزازات سے نوازا گیا تھا اور اداکاروں و گلوکاروں نے ڈانس پرفارمنسز بھی کی تھیں۔ تاہم تقریب کے بعد سے سوشل میڈیا پر کچھ اداکاراؤں کے لباس پر تنقید کی جارہی ہے جکہ ڈیزائنر علی ذیشان کے لباس پر مزاحیہ تبصرے اور میمز شیئر کی جارہی ہیں۔
واضح رہے کہ منشا پاشا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کی گئی ٹوئٹ میں کہا کہ ‘ہر ایوارڈ شو کا اختتام تمام خواتین سیلیبریٹیز کی تصاویر کے نیچے غیر متعلقہ تبصروں کے ساتھ ہوتا ہے جو ان کے کردار کے بارے میں کیے جاتے ہیں کہ کون اپنے لباس کی بنیاد پر کتنی اچھی یا بری ہیں’۔ انہوں نے کہا کہ ’ایمانداری سے کہا جائے تو یہ سطحی سوچ ہے کہ لباس کے انتخاب کی بنیاد پر کسی کی شخصیت سے متعلق فیصلہ کیا جائے’۔