بیجنگ (پاک صحافت) سوشل میڈیا کی مقبول سائٹ فیس بک کے بعد چین کی مقبول ترین ٹیکنالوجی کمپنی شیاؤمی نے بھی اپنے اسمارٹ چشمے متعارف کرا دیے۔ شیاؤمی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ان اسمارٹ چشموں کو فی الحال فروخت کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے لیکن شیاؤمی نے کافی تفصیل فراہم کی ہے تاکہ مستقبل میں اس طرح کی پروڈکٹس کسی حد تک قابل فہم نظر آئیں۔
تفصیلات کے مطابق شیاؤمی نے فیس بک کی جانب سے متعارف کروائے گئے اسمارٹ چشمے رے بین اسٹوریز کے ایک ہفتے بعد ہی اپنے اسمارٹ چشمے متعارف کروا دیے ہیں۔شیاؤمی کا دعویٰ ہے کہ اسمارٹ چشمے اسمارٹ فونز کے لیے صرف ‘دوسری اسکرین’ نہیں بلکہ یہ 497 اجزاء بشمول چھوٹے سینسر اور مواصلاتی موڈیول کو ضم کرتا ہے۔
واضح رہے کہ شیاؤمی کے ان اسمارٹ چشموں کا وزن 51 گرام ہے جب کہ ان میں مائیکرو ایل ای ڈیز کا استعمال کیا گیا ہے جو شاندار ڈسپلے فراہم کرتی ہیں۔یہ چشمے آپ کے موبائل پر کال کرنے والے کے نمبر کو بھی ظاہر کریں گے جس سے آپ کو معلوم ہوسکے گا کہ کون کال کررہا ہے، اس کے ساتھ ساتھ آپ ان اسمارٹ چشموں میں مائیک اور اسپیکر کی مدد سے کال کو سن بھی سکتے ہیں۔