اسلام آباد (پاک صحافت) سراج الحق کا کہنا ہے کہ اس وقت ملک میں عام لوگوں کی جانیں، عزت اور کاروبار محفوظ نہیں، پی ٹی آئی حکومت نے تقریروں کے علاوہ عوام کے لئے کچھ نہیں کیا۔
تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے پولیس فائرنگ سے شہید ہونے والے تاجر شاہد عمران کے اہل خانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں نہتے اور معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ہمارے دارالحکومت میں ہی پولیس نے ڈائریکٹ فائرنگ کر کے دو نوجوانوں کو شہید کر دیا۔
سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت نے بیڈ گورننس کی تاریخ رقم کر دی ہے اور معیشت سمیت ہر ادارے کو تباہ و برباد کر دیا ہے۔ اس میں رتی برابر شک نہیں کہ ملک کے مسائل کا حل قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ میں ہے۔ موجودہ اور سابق حکمرانوں نے ملک کو جان بوجھ کر اس نظام سے محروم رکھا ہے۔