کراچی (پاک صحافت) ملک بھر میں مہنگائی روز بروز بڑھتی جارہی ہے جبکہ ضروری اشیاء کی خریداری بھی عوام کی پہنچ سے دور ہوچکی ہے۔ اب سی این جی بھی مزید مہنگی کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سی این جی ایسوسی ایشن کے رہنما غیاث پراچہ نے کہا ہے کہ پنجاب میں سی این جی کی قیمت 18 روپے لیٹر بڑھ جائے گی جس کے بعد پنجاب اور اسلام آباد میں سی این جی کی قیمت 125 روپے فی لیٹر ہوجائے گی جبکہ سندھ میں سی این جی کی قیمت میں 28 روپے کلو اضافہ ہوجائے گا۔
غیاث پراچہ کا مزید کہنا ہے کہ ہم اوگرا کے نوٹیفکیشن کا انتظار کررہے ہیں، کچھ جگہوں پر سی این جی کی قیمت بڑھا دی گئی ہے، سی این جی پر ٹیکس بڑھانا اور پٹرول و ایل پی جی پر ٹیکس کم کرنا حیران کن ہے جس سے وزیراعظم کے وژن کے برعکس سی این جی قیمت میں ہوشربا اضافہ ہوگا۔