اسلام آباد (پاک صحافت) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو پروپیگنڈے سے بچانے کیلئے اسلامی نظریاتی کونسل کردار ادا کرے، معاشرے کی رہنمائی قرآن و سنت کی روشنی میں کی جائے۔
تفصیلات کے مطابق اسلامی نظریاتی کونسل کے قیام کی گولڈن جوبلی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اسلامی نظریاتی کونسل نے قوم کو نظریاتی تشخص دیا، خوشی ہے کہ جس مقصد کیلئے اسلامی نظریاتی کونسل کو قائم کیا گیا تھا، وہ اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہی ہے۔ نفرتوں اور تقسیم کے رویے اسلامی تعلیمات کے منافی ہیں، ہم سب مل کر ترقی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کر سکتے ہیں، نوجوان نسل کو پروپیگنڈے سے بچانے کیلئے اسلامی نظریاتی کونسل کردار ادا کرے۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی اور جدید ایجادات نے دنیا کو مکمل طور پر بدل دیا ہے، اس دور کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اسلام نے ہمیں اجتہاد کا راستہ دکھایا ہے، اس حوالے سے اسلامی نظریاتی کونسل کا کردار اہمیت کا حامل ہے تاکہ ہم جدید دور کے تقاضوں کے مطابق چل سکیں، نفرتوں اور تقسیم کے رویے اسلامی تعلیمات کے منافی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل کے کریڈٹ پر بے شمار کارنامے ہیں، اسلامی بینکاری کا قیام کوئی چھوٹا کارنامہ نہیں، اسی کی بدولت دنیا کے کئی ممالک میں سود کے بغیر بینکاری کا نظام قائم ہوا، اب اسے روایتی بینکاری سے جڑے غیر مسلم ممالک میں بھی اپنایا جا رہا ہے۔