جہلم (پاک صحافت) وزیر مملکت برائے ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ پوری قوم دہشتگردی کیخلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائے ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ چند دن قبل جعفر ایکسپریس کا نہایت افسوسناک سانحہ ہوا، سکیورٹی فورسز نے بہادری کے ساتھ کامیاب آپریشن کیا، سکیورٹی فورسز نے سیکڑوں پاکستانیوں کی جانیں بچائیں، جعفر ایکسپریس سانحہ میں 26 پاکستانی شہید ہوئے۔ دہشتگردوں نے جعفرایکسپریس پر حملہ کیا تو آپریشن سے پہلے ہی 26 شہادتیں ہو چکی تھیں، افواج پاکستان کے ریسکیو آپریشن میں 354 جانیں بچائی گئیں، 26 شہادتوں میں 18 افواج پاکستان اور ایف سی کے جوان شامل تھے، ہماری افواج روزانہ کی بنیاد پر قربانیاں دیتی ہیں۔
بلال اظہر کا مزید کہنا تھا کہ ایسے دہشتگرد حملوں کا کوئی جواز اور دلیل نہیں ہوتی، دہشتگرد نہتے شہریوں کو شہید کرتے ہیں، اس طرح کی دہشتگردی ونفرت کے خلاف سکیورٹی فورسز کے پیچھے کھڑے ہیں، ہم ان کے خلاف بھی کھڑے ہیں جو بیرون ملک بیٹھ کر پاکستان کے خلاف سازش کرتے ہیں، دہشتگردی کیخلاف جنگ پاکستان ضرور جیتے گا۔
وزیر مملکت نے کہا کہ جہاں جعفرایکسپریس پر حملہ ہوا اس ٹریک کا کام شروع ہوگیا ہے، جلد جعفر ایکسپریس کا ٹریک بحال ہوجائے گا، افواج پاکستان اور سکیورٹی فورسز کے جوان دن رات ہماری حفاظت کیلئے جان داؤ پر لگاتے ہیں، ان جوانوں کو بھی خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے ان 33 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔