اسلام آباد (پاک صحافت) وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ کوئی شرم ہوتی ہے کوئی حیا ہوتی ہے، اپوزیشن بینچز سے درخواست ہے کہ وہ بانیٔ پی ٹی آئی کے بجائے پاکستان کی بقا کی جنگ لڑیں، پاکستان کے بقا کی بات کریں ایک شخص کی بقا کی بات نہ کریں۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ہمیں فارم 47 کا طعنہ دینے والے خود مارشل لاء کی پیداوار ہیں، ایک تو یہ دو نمبری کرتے ہیں اوپر سے دھونس اور دھاندلی بھی کرتے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ یہ لوگ اقتدار کی جنگ لڑ سکتے ہیں ملک کی سالمیت کی جنگ لڑنے سے عاری ہیں، بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر حملہ قابلِ مذمت ہے، نہتے مسافروں کو قومیت کی بنیاد پر علیحدہ کیا گیا، پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا نے اس واقعے پر جو کیا وہ پوری قوم نے دیکھا۔ ن لیگی رہنما نے کہا کہ دہشت گردوں نے قومیت یا صوبائی تعلق کی بنیاد پر مسافروں کو الگ کیا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم سنگِ میل عبور کیا ہے۔
واضح رہے کہ خواجہ آصف نے مزید کہا کہ یہ اسلام آباد میں حملہ کرنے کے لیے ہر وقت تیار رہتے ہیں، یہ صرف اقتدار کی جنگ کے لیے تیار ہیں، یہ کہتے ہیں کہ بانیٔ پی ٹی آئی نہیں تو پاکستان نہیں، وہ باتیں مت کریں جن سے آپ کو شرمندگی ہو۔