اسلام آباد (پاک صحافت) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانو گروسی نے 12-13 فروری کو پاکستان کا دورہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ ڈی جی آئی اے ای اے نے وزیراعظم اور وزیر خارجہ سے ملاقات کی، پاکستان اور آئی اے ای اے کے درمیان تعاون کو بڑھانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ دوران ملاقات موسمیاتی تبدیلیوں کو کم کرنے کے لیے جوہری ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال پر تبادلہ خیال ہوا، ڈائریکٹر جنرل نے پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے چیئرمین اور پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین سے بات چیت کی۔
دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ملاقات کے دوران جوہری سائنس اور ٹیکنالوجی میں پاکستان کی ترقی، بشمول زراعت، صحت کی دیکھ بھال اور توانائی کی پیداوار میں اس کے تعاون کے بارے میں بریفنگ دی گئی جبکہ ڈی جی آئی اے ای اے نے پاکستان چیپٹر آف ویمن ان نیوکلیئر فیلڈ کی بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کی۔
ترجمان نے بتایا کہ انہوں نے جوہری اور اس سے منسلک شعبوں میں خواتین کی شرکت کو فروغ دینے میں ملک کی کوششوں کی تعریف کی، ڈی جی آئی اے ای اے نے انسٹی ٹیوٹ آف نیوکلیئر میڈیسن اینڈ آنکولوجی لاہور کا دورہ بھی کیا۔