(پاک صحافت) نامور بالی ووڈ اداکار امیتابھ بچن نے خاندان کے منع کرنے اور انکی مخالفت کے باوجود مشہور زمانہ ریئلٹی کوئز گیم شو ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کی میزبانی قبول کرنے کی وجہ بتادی۔ معروف اداکار امیتابھ بچن کی میزبانی میں چلنے والے ریئلٹی گیم شو ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ المعروف کے بی سی نے حال ہی میں اپنی 25ویں سالگرہ منائی۔
اس خاص موقع پر سپر اسٹار نے شو کی میزبانی کرنے کے فیصلے کے پیچھے کی کہانی بیان کی اور انکشاف کیا کہ ان کے خاندان نے ابتدا میں اس فیصلے کو ’بڑی غلطی‘ قرار دیا تھا۔ امیتابھ بچن نے بتایا، ’جب میرے سامنے پہلی بار اس شو کا تصور پیش کیا گیا تو میں بالکل کنفیوژ تھا اور سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ یہ شو کیسے کام کرے گا؟‘ انہوں نے بتایا کہ اس فارمیٹ کو بہتر سمجھنے کےلیے پروڈکشن ٹیم کی جانب سے انہیں لندن کے ایل سی اسٹوڈیو لے جایا گیا جہاں اسی طرح کا گیم کھیلا جا رہا تھا۔
امیتابھ نے بتایا کہ جب انہوں نے وہاں کی شاندار انرجی اور جوش و خروش دیکھا تو انہوں نے کے بی سی ٹیم کو کہا کہ وہ اس جیسا ماحول ہندوستان میں تیار کرنے پر ہی اس شو کی میزبانی قبول کریں گے۔ اداکار کا کہنا تھا کہ ’میں نے شو کےلیے کوئی باضابطہ تیاری نہیں کی تھی۔ پہلے دن میری دھڑکنوں کو کسی نے محسوس نہیں کیا اور کیمرہ میرے کانپتے ہوئے پاؤں کو بھی نہیں پکڑ سکا۔ مجھے بالکل اندازہ نہیں تھا کہ کیا ہوگا۔ میں نے بس وہی کہا جو میرے ذہن میں آیا۔‘