کراچی (پاک صحافت) سندھ کے صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ نیا سال حکومتِ سندھ کے لیے ترقی اور خوش خبریوں کا سال ہے۔ شرجیل میمن نے سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی سمیت سندھ کے دیگر اضلاع میں بڑے بڑے منصوبے چل رہے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ شاہراہِ بھٹو کا پہلا فیز عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے، یلو لائن بی آر ٹی بھی وقت سے پہلے مکمل کریں گے، کام دن رات جاری ہے، بس ڈیپوز کے کام بھی چل رہے ہیں، اس سال شہریوں کے لیے ڈبل ڈیکر بسز بھی لا رہے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے ای وی ٹیکسی سروس شروع کرنے جا رہے ہیں، ٹیکسی کی قسط بالکل کم ہو گی، سندھ بھر میں بے تحاشہ سڑکیں بن رہی ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ سندھ حکومت سے متعلق ترجمان کا معاملہ وزیرِ اعلیٰ کے پاس آتا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کی گرفتاری پر پولیس پر پیٹرول بموں سے حملہ کیا گیا تھا، عمران خان کے خلاف غلط مقدمات نہیں ہیں۔ شرجیل میمن نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی نے گھڑی لی پھر بیچی اور پھر کہتے ہیں سڑک بنائی، یہ سوچی سمجھی سازش کے تحت پروپیگنڈا چل رہا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ کون نہیں جانتا 9 مئی کو جو کچھ ہوا اس کے پیچھے عمران خان نہیں تھے۔