اسلام آباد (پاک صحافت) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خواہش ہے افغانستان کے ساتھ تعلقات بہتر ہوں، کالعدم ٹی ٹی پی افغانستان سے کام کر رہی ہے، افغانستان کو کالعدم ٹی ٹی پی کیخلاف کارروائی کرنا ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ خطے میں امن کیلئے افغانستان سے بات چیت کیلئے تیار ہیں، چاہتے ہیں افغانستان کے ساتھ معاشی میدان میں تعاون کریں۔
انہوں نے کہا کہ کالعدم ٹی ٹی پی پاکستان پر حملہ کر کے بے گناہ لوگوں کو شہید کر رہی ہے، افغان حکومت کو ایک سے زیادہ مرتبہ پیغام دیا ہے، افغان حکومت کالعدم ٹی ٹی پی کیلئے ٹھوس حکمت عملی بنائے، دو عملی نہیں چلے گی، بہتر تعلقات اور ٹی ٹی پی کو کھلی چھوٹ بیک وقت ممکن نہیں، افغان سرزمین سے کسی صورت دہشت گردی قبول نہیں، پاکستان کی سالمیت کے بھرپور دفاع کا حق رکھتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ چند دن پہلے بہت بڑا حادثہ ہوا، 16 ایف سی جوان شہید ہوئے، جنوبی وزیرستان میں کل ایک اور معرکہ ہوا جس میں خوارجیوں کو جہنم واصل کیا گیا، ہمارے ایک میجر اور دوسرے جوان شہید ہوئے، افواج پاکستان دہشت گردی کے خلاف صف آراء ہیں، دہشتگردوں کا قلع قمع کریں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پارا چنار میں ادویات کا معاملہ سامنے آیا، پارا چنار میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے ادویات فراہم کی جارہی ہیں، این ڈی ایم اے کے ذریعے پاراچنار ادویات پہنچائی گئی ہیں۔