اسلام آباد (پاک صحافت) وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ تحریک انتشار کے کارکنان نے قیدی وینز پر حملہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق عطا تارڑ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا ردعمل مضحکہ خیز اور فلم کی سٹوری لگتی ہے، پی ٹی آئی ترجمان کو جھوٹ بولتے ہوئے شرم آنی چاہیے، عادی ملزمان کا منصوبہ ناکام رہا، چار حملہ آوروں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ نو مئی کو شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی، اب گرفتار ملزمان کو فرار کروانے کی ناکام کوشش ہوئی۔
عطا تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، حملہ آوروں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی، حملے کے وقت گرفتار ملزمان کو اٹک جیل لیجایا جارہا تھا۔ پلاننگ کرکے پولیس وین پر حملہ کیا گیا، خیبرپختونخوا کے ایم پی اے لیاقت کے صاحبزادے کو بھی حملے میں ملوث ہونے پر گرفتار کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چار گاڑیوں میں مسلح افراد نے ٹول پلازہ کے قریب حملہ کیا، دو گاڑیوں اور اسلحے کو قبضے میں لیا گیا ہے، ایف آئی آر درج کرکے مزید گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی۔ ٹول پلازہ کی تمام سی سی ٹی وی فوٹیج موجود ہے، گینگسٹر کی طرح قیدیوں کی وین پر حملہ کیا گیا، منصوبہ سازوں کو گرفتار کیا جائے گا۔