اسلام آباد (پاک صحافت) عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غیرقانونی تسلط کا کوئی جواز نہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نہتے اور مظلوم کشمیریوں سے حمایت جاری رکھے گی، وزیراعظم کا کشمیریوں کے حق خوداردیت کی حمایت پر وژن بالکل واضح ہے، 5 اگست 2019 کے بھارت کے کشمیر سے متعلق اقدامات غیرقانونی ہیں۔
عطا تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کی کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں، وزیراعظم نے کہا کہ 2019 کے غیرقانونی اقدامات کو ختم کیا جائے، آزادی بنیادی حق ہے، ہم اس حق کے ساتھ کھڑے ہیں اور مقبوضہ کشمیر پر جو بلاجواز بھارتی تسلط ہے، اس کا خاتمہ ہمارا مشن ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو حق خوداردیت ملنا چاہیئے، اس کے لیے ہم ہر سطح پر اپنی کوششیں جاری رکھیں گے، اپنا مشن جاری رکھیں گے۔