اسماعیل ہنیہ کی شہادت، جے یو آئی آج سڑکوں پر نکلے گی

اسلام آباد (پاک صحافت) جمیعت علماء اسلام کے رہنما مولانا عبدالغفورحیدری نے حماس کے سیاسی سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر وزیرِ اعظم شہباز شریف سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم کو چاہیے کہ کردار ادا کریں اور او آئی سی کا اجلاس بلائیں۔

قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اظہارِ خیال کرتے ہوئے مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ پاکستان اور دنیا بھر کے مسلمان فلسطین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کر رہے ہیں، جے یو آئی آج جمعہ کے بعد سڑکوں پر نکلے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج پوری امت مسلمہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر غم زدہ ہے، بہت ساری سیکیورٹی کے باوجود اسماعیل ہنیہ کو ایران میں شہید کیا گیا، ان کے خون سے جو انقلاب آئے گا اس سے اسرائیل نیست و نابود ہوگا۔ مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ امریکا اوراسرائیل مسلم دنیا کی چیدہ شخصیات کو شہید کرنے کے درپے ہیں۔

مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ عالمی قوتوں نے فلسطین میں یہودیوں کو آباد کرنے کی سازش کی، اسماعیل ہنیہ نے جان دیدی مگر امریکا اور اسرائیل کے سامنے نہیں جھکا، اس وقت فلسطینی محاصرے میں ہیں، بھوک اور پیاس سے نڈھال ہوچکے ہیں، فلسطینی کبھی اسرائیل کے سامنے جھکے نہیں۔ مولانا عبدالغفور حیدری کا مزید کہنا تھا کہ ہم فلسطینیوں کو اس عذاب سے کیسے بچا سکتے ہیں، کاش امت مسلمہ آج پوری یکسوئی کے ساتھ فلسطین کے ساتھ کھڑی ہوتی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے