اسلام آباد (پاک صحافت) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی اور پاکستان اکٹھے نہیں چل سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ ہم نے اور ہمارے اتحادیوں نے مخصوص نشستوں کے فیصلے پر نظر ثانی اپیل دائر کردی ہے، انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا وجہ ہے کہ اس پر تفصیلی فیصلہ نہیں آرہا۔ ہماری نظر ثانی کی اپیل کو جلد سے جلد سماعت کیلئے مقرر کیا جائے تاکہ اس میں جو قانونی سقم اور ہمارے سوالات ہیں اس پر سپریم کورٹ جواب دے سکے۔
ذرائع کے مطابق عطا تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ عزم استحکام پر کوئی کنفیوژن نہیں ہے یہ ایک عزم کا نام ہے، اس پر قانونی مشاورت جاری ہے اور اسے حتمی شکل دے رہے ہیں۔ تحریک انصاف اور پاکستان اکٹھے نہیں چل سکتے، یہ میری رائے ہے اور میں اس پر قائم رہوں گا۔ ایکس پر پابندی نگراں حکومت کے دور میں وزارت داخلہ کے کہنے پر لگی، معاملہ عدالت میں ہے، اس کا کوئی نہ کوئی فیصلہ آجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ سروسز، ڈیٹا اور سائبر سکیورٹی کو آئی ٹی منسٹری ڈیل کرتی ہے، اس پر آئی ٹی منسٹری کا پالیسی بیان آجائے گا جو عوام کے سامنے رکھ دیا جائے گا۔