لاہور (پاک صحافت) پنجاب اسمبلی میں امریکی کانگریس کی قرارداد کے خلاف قرارداد منظور کر لی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں امریکی کانگریس کی قرارداد کے خلاف قرارداد منظور کر لی گئی۔ قرارداد حکومتی رکن احسن رضا خان نےایون میں پیش کی۔ پاس کی جانے والی قرارداد کی مذمت پر قرارداد پنجاب اسمبلی میں پیش کی گئی، متن میں کہا گیا کہ امریکی قرارداد پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت ہے امریکی قرارداد پاکستان میں ہیجانی کیفیت پیدا کرنے کی کوشش ہے۔
متن میں لکھا گیا کہ عام انتخابات میں فرقہ واریت دھمکیوں تشدد اور کارروائیوں کو روکنے کے لیے اقدامات کیے گئے کو بھی متنازعہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ پاکستان کے تمام ادارے آزادی اظہار رائے پر یقین رکھتے ہیں مگر امریکی قرارداد میں پاکستان میں انسانی حقوق کے معاملے کو غلط انداز میں پیش کیا گیا۔ امریکی کانگریس کو دوسروں کے امور میں مداخلت کے بجائے فلسطین اور کشمیر کاذ کی حمایت کرنی چاہئیے۔ امریکی قرارداد پاکستان اور امریکہ کے دو طرفہ تعلقات کی بھی عکاس نہیں ہے۔
گزشتہ روز قومی اسمبلی نے انتخابات میں مداخلت کی تحقیقات سے متعلق امریکی ایوان نمائندگان کی قرارداد کے خلاف قرارداد منظور کی تھی، قرارداد میں کہا گیا کہ پاکستان 1973 کے آئین کی روح کے مطابق جمہوریت کے عالمی اصولوں اور اس میں درج بنیادی انسانی حقوق کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ ایوان ہمارے عوام کی امنگوں اور ہمارے بانیان کے وژن کے مطابق مذکورہ بالا اصولوں کی حفاظت اور ان کو برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کی کوششوں کا اعادہ کرتا ہے۔