(پاک صحافت) بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان نے کہاہے کہ وہ اپنی بھانجی علیزے کو اپنے اوپر کتاب تصنیف کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ انھوں نے یہ بات حال ہی میں اپنے دورہ دبئی کے موقع پر کہی، جہاں وہ اپنے کاموں کے پہلے سے طے شدہ کمٹمنٹ کی تکمیل کے لیے گئے تھے۔
اس موقع پر انھوں نے ہیلو میگزین کےلیے ایک ایونٹ میں شرکت کی۔ اس دوران انکے ہمراہ انکی بھانجی علیزے اگنی ہوتری بھی تھیں۔ ایونٹ کی میزبان صوفی چوہدری نے علیزے اگنی ہوتری سے پوچھا کیا وہ کبھی اپنے انکل (سلمان خان) پر کوئی کتاب تحریر کریں گی، اگر ایسا کیا تو آپ اس کا عنوان کیا رکھیں گی؟
اس سوال پر علیزے کچھ سوچنے کےلیے ایک لمحے کو رکیں، تو سلمان خان نے جواب دیا کہ میں انھیں اپنے اوپر کوئی کتاب تصنیف کرنے کی اجازت ہی نہیں دوں گا۔ جس پر وہاں موجود تمام افراد دونوں کو دیکھنے لگے۔ علیزے نے کہا کہ میں نہیں سمجھتی کہ اس حوالے سے کوئی کتاب ہونی چاہیے، جس پر ایک بار پھر سلمان نے علیزے کو روک کر کہا انھیں معلوم ہے کہ میرے بارے میں کتاب کوئی بیسٹ سیلر نہیں ہوگی۔