لاہور (پاک صحافت) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ آج مزید 540 پاکستانی طلباء کرغزستان سے وطن واپس پہنچیں گے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بشکیک میں پیش آنے والا واقعہ بہت افسوسناک ہے، کرغزستان میں طلبہ میں تصادم ہوا جس کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا، میری کرغزستان کے وزیر خارجہ سے تفصیلی بات ہوئی ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف خود اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں، 130 پاکستانی طلباء گزشتہ روز وطن واپس پہنچ چکے ہیں جبکہ آج مزید 540 پاکستانی طلباء کرغزستان سے وطن واپس پہنچیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ائیر فورس کی ایک فلائٹ طلباء کو واپس لینے کے لیے بشکیک جائے گی، 50 کے قریب طلباء نے پاکستانی سفارتخانے میں اپنی انٹری کرائی ہے، جیسے ہی فلائٹ کے نمبر پور ے ہوں گے تو یہ طیارہ بھی بشکیک سے پاکستانیوں کو لیکر وطن واپس آجائے گا۔
اسحاق ڈار نے بتایا کہ کرغزستان میں پاکستان کےسفیرنے بتایا ہے کہ واقعے میں 16 طلباء زخمی ہوئے جن میں کچھ پاکستانی بھی شامل ہیں اور وہ ہسپتال میں داخل ہیں، اس میں 4 سے 5 پاکستانی طلبہ بھی شامل ہیں۔